پشاور ( اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے بعد صوبائی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عابد مجید کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے، جب کہ پرنسپل اسٹاف آفیسر ون عون حیدر گوندل کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو روز قبل وزیراعلیٰ کے چیف سیکیورٹی آفیسر نجم الحسنین کو بھی تبدیل کیا گیا تھا۔ اس طرح تین اہم عہدوں پر موجود افسران کو محکماتی تبدیلیوں کے عمل میں فارغ کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال ان کے متبادل تقرر عمل میں نہیں لایا گیا۔
انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد صوبائی سیکریٹریٹ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز کئی بیوروکریٹس کی تبدیلی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور جلد نئی ٹیم کے تقرر کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے یہ تبدیلیاں نئی حکومتی پالیسی اور انتظامی ڈھانچے کو ازسرِنو تشکیل دینے کے مقصد سے کی جا رہی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے جائیں گے تاکہ نئی حکومت اپنی پالیسیوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کر سکے۔
مزید پڑھیں :کے پی حکومت میں بڑی تبدیلی