راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم پنجھوتہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ عدالت کے مطابق نعیم پنجھوتہ اور ان کے وکیل سماعت کے دوران پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ضمانت عدم حاضری کی بنیاد پر مسترد کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نعیم حیدر پنجھوتہ ضلع اٹک کے تھانہ حسن ابدال کی حدود میں دو مختلف مقامات پر درج مقدمات میں نامزد ہیں۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد کارروائیوں کے الزامات عائد ہیں۔ یہ مقدمات 5 اکتوبر 2024 کو درج کیے گئے تھے اور اسی سلسلے میں انہوں نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی اور عدم پیشی کے باعث ضمانت خارج کرنے کا حکم سنایا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد نعیم پنجھوتہ کے خلاف گرفتاری کا راستہ کھل گیا ہے اور پولیس کی جانب سے مزید کارروائی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،وزیراعظم شہباز شریف