لندن ( اے بی این نیوز )لندن سے سامنے آنے والی ایک بڑی پیشرفت نے پاکستانی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کے تناظر میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں، سلیمان اور قاسم خان، نے اپنے والد کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ سے باضابطہ رجوع کر لیا ہے۔ دونوں بھائیوں نے اقوام متحدہ کے اسپیشل نمائندہ برائے تشدد کے سامنے اپیل دائر کی ہے جس میں ان کے والد کے ساتھ روا سلوک کی تحقیقات اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، خوراک اور طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں اور انہیں مستقل نگرانی میں رکھا جا رہا ہے، جو عالمی قوانین اور انسانی وقار کے منافی ہے۔ اس اپیل میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور امریکی محکمہ خارجہ پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کی صحت اور حفاظت پر خدشات ظاہر کر چکے ہیں، اس لیے اقوام متحدہ کو فوری مداخلت کرنا ہوگی۔
قاسم خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ان کے والد جمہوریت کے لیے کھڑے ہونے کی سزا بھگت رہے ہیں، انہیں ڈاکٹرز اور وکلا سے ملاقات کا حق بھی نہیں دیا جا رہا جبکہ ان کے ہزاروں حامیوں کو یا تو اغوا کیا گیا ہے یا فوجی عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انصاف نہیں بلکہ سیاسی انتقام ہے اور دنیا کو جمہوریت اور انسانی حقوق کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
زلفی بخاری نے بھی تصدیق کی کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے حق میں اقوام متحدہ کے نمائندہ برائے تشدد کو اپیلیں جمع کرا دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سیاسی قیدی کی اہلیہ کو بھی قید کیا گیا ہے، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق، پوری قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ جدوجہد ہر پلیٹ فارم پر جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں :دنیا فلسطین کے حق میں بول اٹھی،اسرائیل ،امریکہ موقع سے فرار،جا نئے ہو شربا تفصیلات