اہم خبریں

اب ملک گیر تحریک ہو گی،زندگی بھر جیل میں رہوں گا ،جھکوں گا نہیں، عمران خان

راولپنڈی ( اے بی این نیوز    )زندگی بھر جیل میں رہوں گا، نہیں جھکوں گا، عمران خان نے پارٹی کو بڑی تحریک کی تیاری کی ہدایت کر دی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ زندگی بھر جیل میں رہنے کو تیار ہوں، لیکن سر نہیں جھکوں گا، پارٹی بڑی تحریک کی تیاری کر رہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے پاس عام قیدیوں کے حقوق بھی نہیں، انہیں 8 ماہ میں صرف ایک بار بچوں سے بات کرنے کی اجازت دی گئی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی کا پیغام بالکل واضح ہے کہ وہ نہیں جھکیں گے، ان پر کتنا بھی تشدد کیا جائے، وہ غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کے بانی کی بہن کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں صرف اس لیے رکھا گیا ہے کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جا سکے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ یوٹیوب والوں کا کہنا ہے کہ عمران خان ریلیز ہونے والے ہیں اور ڈیل ہو گئی ہے لیکن اب سمجھ میں آیا کہ اس طرح کے بلاگز لوگوں کا درجہ حرارت ٹھنڈا رکھنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو پیغام دیا ہے کہ اپنے نظریے پر قائم نہ رہنے والے کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

پی ٹی آئی کے بانی کی بہن کا کہنا تھا کہ جب عمران خان یہ باتیں کر رہے تھے تو بہت غصے میں تھے۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو بڑی تحریک کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب لوگوں کو اسلام آباد نہیں بلایا جائے گا بلکہ تحریک ملک گیر ہو گی۔
مزید پڑھیں :عمران خان کے کیسز کی سماعت کیوں نہیں ہوئی ،پی ٹی آئی کا کل پھر ریڈ زون میں احتجاج کا فیصلہ، جنید اکبر کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی

متعلقہ خبریں