لاہور(نیوز ڈیسک) حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جگہ جگہ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
قربانی کے بعد گھروں میںمزے مزے کے پکوان تیار، لوگوں کی بڑی تعداد کا ایک دوسرے کے گھروں میںآنا جانا اور مہمان نوازی پہلے دن سے ہی شروع ہوچکی ہے . جبکہ جانوروں کی قربانی کا سلسلہ تین دن جاری رہے گا.
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے سیکڑوں اجتماعات ہوئے، علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد اور لاہور میں نماز عید کا بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی، کراچی میں بھی نماز عید کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔عید کے اجتماعات میں کشمیریوں سے یکجہتی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کیلئے رب کے حضور خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پر ملک بھر میں نمازیوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد تمام مسلمان سنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں نماز عید ادا کر دی گئی جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی ۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی واپسی شروع، بابراعظم سمیت 6 کھلاڑیوں کی واپسی موخر