اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نےدسمبر میں 2,374نئی کمپنیاں رجسٹر کیں، جس کے بعد کل رجسٹر کمپنیوں کی تعداد 183,744(ایک لاکھ تراسی ہزارسات سو چوالیس) ہو گئی ہے۔ نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کا کل ادا شدہ سرمایہ4 ارب10 کروڑ روپے ہے۔دسمبرمیں تشکیل پانے والی پچاسی کمپنیوں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، چین، مصر، ایتھوپیا، جرمنی، انڈونیشیا، ایران، جاپان، لبنان، ملائیشیا، رومانیہ، روس، جنوبی افریقہ، اسپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور ویت نام سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹروں نے سرمایہ کاری کی ۔اس سرمایہ کاری کا بڑا حصہ چین ، جرمنی ، افغانستان، برطانیہ ،امریکہ ، ایران اور جنوبی افریقہ سے سے موصول ہوا۔اس ماہ99.8فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ہوئیں ۔تقریباً 56 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر رجسٹر ہوئیں، جبکہ41 فیصد سنگل ممبر کمپنیوں کے طور پر رجسٹر ہوئیں۔اس ماہ میں سب سے زیادہ رجسٹریشنز رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر میں ہوئیں جہاں427نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔اس کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں329، ٹریڈنگ میں292، سروسز میں218، ایجوکیشن میں107، سیاحت میں104،، اور دیگر سیکٹرز میں837کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ایس ای سی پی کا ای سروسز سسٹم ایف بی آر، صوبائی ریونیو کے محکموں کے ساتھ انٹی گریٹیڈ ہے، جس کے نتیجے میں دسمبرمیں بیک وقت ایس ای سی پی پورٹل انٹرفیس کے ذریعے 2,172کمپنیاں ہمہ وقت ایف بی آر کے ساتھ،60کمپنیاں ای او بی آئی کے ساتھ،34کمپنیاں PESSI/SESSI کے ساتھ اور37کمپنیاں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کےساتھ رجسٹر ہوئیں۔














