لاہور(نیوزڈیسک) عید الفطر قریب آتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا، گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کرنے لگے۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور عید کی بھی آمد آمد ہے، عید الفطر کے قریب آتے ہی شہر لاہور میں دوسرے شہروں سے آئے لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں، گاڑی مالکان نے عید کے قریب آتے ہی کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا، لاہور سے دوسرے شہروں کو جانیوالے مسافروں سے گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں۔آبائی علاقوں کو جانے والے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں، پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، کوئی گاڑی مالکان کو پوچھنے والا نہیں۔دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے پٹرول اور ڈیزل کے ریٹس اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور پولیس بھی عید کے قریب مہنگے چالان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانا مجبوری ہے۔















