اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک بھر معاشی اعشاریے بہتر ہونے کے اثرات روپے پر پڑنے لگی۔ امریکی ڈالر کی قدر دھڑام سے نیچے گر گئی۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 287 روپے 85 پیسے سے کم ہو کر 284 روپے 42 پیسے ہو گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 3.43 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی۔معاشی ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کو تصدیق ہوئی ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کی امداد موصول ہونے کے اشارے ملے ہیں، جس سے روپے کی قدر میں یکدم بڑی بحالی ہوئی ہے۔مزید برآں دیگر عالمی قرض دہندگان ملٹی بلین ڈالر مالیت کی مالی اعانت کو کھولیں گے کیونکہ انہوں نے جنوری 2023 میں جنیوا میں سیلاب کی امداد کے لیے تقریباً 9 بلین ڈالر کا وعدہ کیا تھا۔ماہرین کے مطابق وصولیاں زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری لائیں گی، بیرونی قرضوں کی ادائیگی پر ڈیفالٹ کے زیادہ خطرے کو کم کریں گی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کو سہارا ملے گا۔ماہرین نے کہا کہ روپیہ فائدہ بڑھا سکتا ہے، کیونکہ پاکستان نے 6 بلین ڈالر کے مالیاتی فرق کو پورا کرنے کے لیے 450 ملین ڈالر کے قرض کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے عالمی بینک کی ایک اور شرط کو پورا کیا۔دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی معیشت سے متعلق اچھی خبریں آنے کے بعد زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس میں 40 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 633.74 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40,350.89 کی سطح پر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔















