اہم خبریں

بلی بلی کی عالمی توسیع، یوٹیوب کے متبادل پلیٹ فارم کی جانب پیش رفت

اسلام آباد (اے بی این نیوز) چینی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم بلی بلیBilibili) نے عالمی سطح پر اپنی موجودگی بڑھانے کی کوششیں تیز کردی ہیں، جس کے بعد کانٹینٹ کریئیٹرز کیلئے کمائی کے ایک نئے پلیٹ فارم کے طور پر اس کی جانب توجہ بڑھ رہی ہے۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق بلی بلی نے بین الاقوامی صارفین اور غیر ملکی کانٹینٹ کریئیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرنے کیلئے اپنی عالمی سروسز میں توسیع شروع کردی ہے۔ پلیٹ فارم نے عالمی کریئیٹرز کیلئے Bilibili Studio بھی متعارف کر رکھا ہے، جہاں کریئیٹرز اپنے مواد کا انتظام کرنے کے ساتھ ویڈیوز کو چینی صارفین کیلئے ترجمہ بھی کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بلی بلی کے نئے کریئیٹر پروگرام کے حوالے سے یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ بعض کریئیٹرز کو ایک ہزار ویوز پر تقریباً 0.70 ڈالر تک مل سکتے ہیں، تاہم بلی بلی نے اس مخصوص ادائیگی کی شرح کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ کریئیٹر کی آمدنی ویوز، ناظرین کے ملک، مواد کی نوعیت اور اشتہاری آمدنی سمیت مختلف عوامل پر منحصر ہوسکتی ہے۔

بلی بلی پہلے ہی اپنے کریئیٹرز کیلئے اشتہارات، لائیو اسٹریمنگ، فین سپورٹ اور دیگر کمرشل ذرائع سے آمدنی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق 2023 میں 30 لاکھ سے زائد کانٹینٹ کریئیٹرز نے پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کی تھی

دوسری جانب بلی بلی کی 2026 کی مالی کارکردگی بھی پلیٹ فارم کی بڑھتی ہوئی کمرشل سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی آمدنی 8 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 7.9 ارب چینی یوآن رہی جبکہ اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق اگر بلی بلی عالمی سطح پر اپنی مونیٹائزیشن پالیسی کو مزید واضح اور آسان بناتا ہے تو یوٹیوب کے علاوہ متبادل پلیٹ فارم تلاش کرنے والے کانٹینٹ کریئیٹرز کیلئے یہ ایک اہم موقع بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتیں، 31 اگست 2026 کی تازہ اپ ڈیٹ

متعلقہ خبریں