اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں گاڑیوں کے خریداروں کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا سامنے آگیا ہے، جہاں پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقبول سوزوکی فرونکس (Suzuki Fronx) ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 7 لاکھ روپے سے زائد اضافہ کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اضافہ محدود مدت کے لیے دی گئی پروموشنل رعایت ختم ہونے کے بعد کیا گیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرونکس GLX 6A/T مونو ٹون کی قیمت 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے سے بڑھا کر 70 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ فرونکس GLX 6A/T ٹو ٹون ویرینٹ کی قیمت 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے سے بڑھا کر 70 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
پاک سوزوکی کے مطابق پہلے دی گئی کم قیمتیں ایک خصوصی پروموشنل آفر کا حصہ تھیں، جس کی مدت ختم ہونے کے بعد گاڑیوں کی اصل قیمتیں بحال کر دی گئی ہیں۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فرونکس کے نان ہائبرڈ ویرینٹس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اضافہ صرف ہائبرڈ ماڈلز تک محدود ہے۔
آٹو ماہرین کے مطابق درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور حکومتی پالیسیوں کے باعث آنے والے مہینوں میں دیگر گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کا امکان موجود ہے۔
مزید پڑھیں: یونائیٹڈ کی 70 سی سی موٹرسائیکل کی نئی قیمت نے صارفین کو چونکا دیا















