اہم خبریں

پاکستان میں آج17 جولائی سولر پینلز کی تازہ ترین قیمتیں

اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شمسی توانائی کی طرف رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کی ایک بڑی تعداد اپنے ماہانہ بجلی کے بلوں کو کم کرنے کے لیے سولر سسٹم لگا رہی ہے۔ اسی وجہ سے مختلف شہروں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی فرق دیکھا جا رہا ہے۔ اگر آپ سولر سسٹم لگانے کا سوچ رہے ہیں، تو خریداری سے پہلے اپنے شہر میں تازہ ترین قیمتوں سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق سولر پینلز کی قیمت کا انحصار کئی عوامل پر ہوتا ہے۔ ان میں برانڈ، گریڈ، درآمدی لاگت، نقل و حمل، مقامی طلب اور رسد شامل ہیں۔ اسی لیے ایک ہی کمپنی کے اے گریڈ سولر پینل مختلف شہروں میں مختلف قیمتوں پر فروخت کیے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر، بعض اوقات وہی پینل کراچی میں اسلام آباد یا پشاور کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں۔

اگر صارفین کم قیمت پر معیاری سولر پینل خریدنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے شہر کے ہول سیل مارکیٹ یا مجاز ڈیلروں سے رجوع کرنا چاہیے۔ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتیں عام طور پر نسبتاً کم ہوتی ہیں جبکہ مستند ڈیلر حقیقی اور دستاویزی مصنوعات فراہم کرتے ہیں۔ کراچی میں صدر، لاہور میں ہال روڈ اور راولپنڈی میں کالج روڈ سولر پینلز کی خریداری کے لیے معروف مارکیٹ سمجھے جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ سولر کمپنیاں انسٹالیشن، وارنٹی اور دیگر سروسز شامل کرنے کی وجہ سے مارکیٹ ریٹ سے زیادہ قیمت وصول کرتی ہیں۔ اس لیے مختلف ڈیلرز سے قیمتیں چیک کرنا اور خریداری سے پہلے تقابلی جائزہ لینا فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

مارکیٹ کی تازہ ترین معلومات کے مطابق اسلام آباد میں اے گریڈ کے دستاویزی سولر پینلز کی قیمت 40 سے 46 روپے فی واٹ کے درمیان ہے۔ یہی قیمت راولپنڈی میں 39 سے 45 روپے فی واٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور اور ملتان میں سولر پینل 38 سے 44 روپے فی واٹ میں دستیاب ہیں جبکہ فیصل آباد میں اس کی قیمت 39 سے 44 روپے فی واٹ ہے۔

اسی طرح کوئٹہ اور پشاور میں سولر پینلز کی قیمت 40 سے 45 روپے فی واٹ کے درمیان دیکھی جارہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں اے گریڈ سولر پینل نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہیں جہاں قیمت 37 سے 43 روپے فی واٹ کے درمیان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے خریدار کراچی کی مارکیٹ کو اس کی کم قیمت کی وجہ سے ترجیح دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہزار سی سی گاڑی صرف5,776 روپے ماہانہ قسط میں حاصل کریں

متعلقہ خبریں