اسلام آباد (اے بی این نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں منگل کے روز برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 75 سینٹ (1.03 فیصد) کمی کے بعد 72.40 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 47 سینٹ (0.66 فیصد) سستا ہوکر 70.05 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کا مربن خام تیل بھی تقریباً 67 ڈالر فی بیرل کی سطح پر رہا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کی توقعات ہیں، جس سے سرمایہ کاروں میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور تیل کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے کی صورتحال مزید بہتر رہتی ہے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی سپلائی مستحکم رہتی ہے تو آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ KCM ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹر کے مطابق جغرافیائی کشیدگی میں کمی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو مزید نیچے لا سکتی ہے۔
ادھر پاکستان میں حکومت جلد ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا پندرہ روزہ جائزہ لے گی۔ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہتی ہیں یا مزید کم ہوتی ہیں تو عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
حتمی فیصلہ حکومت، اوگراکی سفارشات، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور دیگر مالیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گی۔
مزید پڑھیں: آج بروز بدھ یکم جولائی سونے کی تازہ ترین قیمت















