اسلام آباد(اے بی این نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے امپورٹڈ آٹو پارٹس کی کسٹمز ویلیو مقرر کرنے کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب قیمتوں کا تعین وزن کے بجائے گاڑی اور انجن کی طاقت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کی جانب سے جاری ویلیوایشن رولنگ نمبر 2092 آف 2026 کے تحت پانی کے پمپ، آئل پمپ، فیول پمپ، اِن ٹینک فیول پمپ، آئل فلٹر، فیول فلٹر اور ایئر فلٹر سمیت مختلف پرزہ جات کی نئی ویلیو مقرر کی گئی ہے۔ یہ نئی رولنگ 2019 کی پرانی ویلیوایشن رولنگ کی جگہ لے گی، جو 6 سال سے زائد عرصے سے نافذ العمل تھی۔
حکام کے مطابق اس تبدیلی کا آغاز صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کی درخواست پر کیا گیا، جنہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ آٹو پارٹس کی خرید و فروخت اور شناخت بنیادی طور پر گاڑی اور انجن کی گنجائش کے مطابق ہوتی ہے، اس لیے وزن پر مبنی نظام اب مؤثر نہیں رہا۔
اس سلسلے میں پاکستان آٹو موبائل اسپیئر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پاسپیڈا)، انڈس موٹر کمپنی اور دیگر درآمد کنندگان کے نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔ کسٹمز حکام نے درآمدی ڈیٹا، مارکیٹ سروے اور موجودہ قیمتوں کا جائزہ لینے کے بعد نئے نظام کو حتمی شکل دی۔
ڈائریکٹوریٹ نے اِن ٹینک فیول پمپ کے لیے الگ کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے، جس کی وجہ اس کی مخصوص استعمال اور مارکیٹ میں مختلف نوعیت بتائی گئی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد درآمدی آٹو پارٹس کی منصفانہ، یکساں اور شفاف ویلیوایشن کو یقینی بنانا اور مارکیٹ کے موجودہ رجحانات کے مطابق قیمتوں کا تعین کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید ساڑھے چار فیصد کی بڑی کمی















