اہم خبریں

موبائل فونز کی درآمدات میں بڑا اضافہ، 10 ماہ میں 455 ارب روپے سے زائد کے موبائل درآمد

اسلام آباد(رضوان عباسی)ملک میں موبائل فونز کی درآمدات پر انحصار میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 455 ارب 73 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔ اے بی این کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 455 ارب 73 کروڑ روپے رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران یہ درآمدات 349 ارب 77 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اس طرح رواں مالی سال موبائل فونز کی درآمدات میں 30.29 فیصد اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 40.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اپریل 2025 میں پاکستان نے 35 ارب 12 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے تھے، جبکہ اپریل 2026 میں یہ حجم بڑھ کر 49 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔

دستاویزات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بھی موبائل فونز کی درآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ مارچ 2026 میں پاکستان نے 41 ارب 63 کروڑ روپے کے موبائل فونز درآمد کیے تھے، جو اپریل 2026 میں بڑھ کر 49 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ روپے ہو گئے۔ اس طرح ایک ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات میں 18.70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں مسلسل اضافہ مقامی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پالیسیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، جبکہ درآمدی بل میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر،عید الاضحی کے موقع پر3 روزم عام تعطیلات ،نوٹیفکیشن جاری

متعلقہ خبریں