اہم خبریں

عالمی منڈی میں ہلچل، پاکستان میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان

اسلام آباد(اے بی این نیوز) عالمی آئل مارکیٹ میں جاری اتار چڑھاؤ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث پاکستان میں آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور سپلائی خدشات کے باعث حکومت آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔

اس وقت ملک میں پیٹرول 409 روپے 78 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 409 روپے 58 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کا سلسلہ جاری رہا تو پیٹرول کی قیمت میں 5 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف شرائط کے تحت پیٹرولیم لیوی میں اضافے کی صورت میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جبکہ بعض تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید عالمی کشیدگی برقرار رہی تو پیٹرول 430 روپے فی لیٹر کی سطح بھی عبور کر سکتا ہے۔

توانائی ماہرین کے مطابق تیل کی ترسیل کے اہم راستوں پر خطرات اور عالمی سطح پر ڈیزل کی بڑھتی طلب پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک کیلئے اضافی دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اوگرا کی سفارشات اور عالمی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی

متعلقہ خبریں