اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک میں سونے کے بعد چاندی کی قیمت میں بھی بڑی کمی ہوگئی۔
جیولرز کے مطابق ملک میں سونے کے بعد چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے، 173روپے کی کمی سے فی تولہ چاندی کی قیمت 4 ہزار 924 روپے پر آگئی جبکہ 10گرام چاندی کی قیمت148 روپے کی کمی سے4221روپے پر آگئی، عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس چاندی کی قیمت 46.62ڈالر پر آگئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں چاندی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی مانگ و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی مانگ اور سرکاری پالیسیوں جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔ ملک میں مقامی کرنسی کے حساب سے روزانہ چاندی کی قیمت اپ ڈیٹ ہوتی ہے۔
پاکستان میں چاندی کو صرف زیورات کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ اس کی قیمت میں مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن طویل مدت میں یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔
سونا کے مقابلے میں چاندی کو کم خطرناک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ سونا بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری ہے لیکن چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کم ہوتا ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط کا فی تولہ سونا 14ہزار روپے کی کمی سے4 لاکھ16 ہزار362 روپے پر آگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونےکی قیمت 12 ہزار 3 روپے کی کمی سے3 لاکھ56 ہزار 963 روپے ہوگئی، ادھر عالمی مارکیٹ میں 140 ڈالر کی کمی سےفی اونس سونا 3940 ڈالر پر آگیا۔
واضح رہے کہ ملک میں عالمی مارکیٹ کے زیراثر 10 روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں تقریباً 40 ہزار روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ 17 اکتوبر کو مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط کا فی تولہ سونا 14 ہزار 100 روپے بڑھ کر 4لاکھ 56 ہزار 900 روپے کا ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں۔آن لائن نوکری کے نام پر فراڈ، پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا















