لاہور(اے بی این نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ان مستفید خاندانوں سے ملاقات کی جن کے گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے گھروں کی تکمیل پر اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے عزم و محنت کو سراہا۔
اس موقع پر گھروں کے مالکان نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنا گھر بنانا اتنا آسان ہو جائے گا۔ایک خاتون مستفید شہری نے کہا کہ ہم برسوں سے کرایے کے مکان میں رہ رہے تھے، مگر اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نے ہمیں یہ خوشی دی کہ اب ہمارے بچوں کا مستقل ٹھکانہ ہے۔
شہریوں نے حکومتِ پنجاب کے اس فلاحی اقدام کو ایک خواب کی تعبیر قرار دیا اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے لیے دعاگو دکھائی دیے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں اب تک 12 ہزار 177 خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں جبکہ 11 ہزار 625 گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف لوگوں کو رہائش فراہم کر رہا ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی متحرک کر رہا ہے، کیونکہ اس سے تعمیراتی صنعت، مزدور طبقے اور چھوٹے کاروباروں کو بھی روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق اب تک صوبہ بھر میں 2 ہزار 939 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور مزید ہزاروں یونٹس مختلف مراحل میں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر اس پروگرام کو شفاف، منصفانہ اور سہل شرائط پر جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ ہر ضرورت مند خاندان اپنی چھت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔
ماہرین کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر پروگرام” پنجاب کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا کیونکہ اس سے نہ صرف لاکھوں افراد کو مستقل رہائش میسر آئے گی بلکہ سماجی استحکام، غربت میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ بھی یقینی ہوگا۔
مزید پڑھیں: نیپرا کے اعلان کردہ ٹیرف پر کے الیکٹرک کی وضاحت















