اسلام آباد(اے بی این نیوز)غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کے معاملے پر جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے گرد شکنجہ تیار کر لیا گیا ہے۔
اگلے مرحلے میں جعلی شناختی کارڈ ہولڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت داخلہ کی ہدایت پر نادرا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، کارروائی کے دوران شناختی کارڈ منسوخ کرکے متعلقہ شخص کو جرمانہ اور گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی نشاندہی پر ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ اب تک جعلی شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث نادرا ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی کو معطل بھی کیا جا چکا ہے۔
عام طور پر غیرملکی شہری پاکستانی خاندانوں کی اسناد، حقیقتاً پاکستانی خاندان سے تعلق رکھنے والے شناختی کارڈ ہولڈر کی بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے دستاویزات تیار کرکے پاکستانی خاندانوں کا حصہ بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت کے مسافر طیارے میں فنی خرابی،ہنگامی لینڈنگ