اہم خبریں

نیسلے کا 2 برسوں میں 16 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

لندن (اے بی این نیوز)نیسلے نے آئندہ دو برسوں میں دنیا بھر میں 16 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبرایجنسی کے مطابق کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر فلپ نیو راتل نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور نیسلے کو بھی پہلے سے زیادہ تیزی سے بدلنا ہوگا، اس تبدیلی میں مشکل مگر ضروری فیصلے شامل ہیں جن کے تحت ملازمین کی تعداد میں کمی کی جا رہی ہے۔

نیسلے کی جاری کردہ نو ماہ کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی فروخت میں 1.9 فیصد کمی واقع ہوئی جو 65.9 ارب سوئس فرانکس (83 ارب امریکی ڈالر) تک محدود رہی۔

اعلان کے مطابق 12,000 وائٹ کالر نوکریاں ختم کی جائیں گی جس سے کمپنی کو ایک ارب سوئس فرانکس کی بچت ہوگی جو پہلے سے طے شدہ ہدف سے دو گنا زیادہ ہے،اس کے علاوہ پیداوار اور سپلائی چین کے شعبوں میں پہلے سے جاری 4 ہزار ملازمتوں کی کٹوتی بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

فلپ نیو راتل نے کہا کہ نیسلے نے 2027 تک اپنی بچت کا ہدف بڑھا کر تین ارب سوئس فرانکس کر دیا ہے جو پہلے 2.5 ارب مقرر تھا۔

دنیا کی اس سب سے بڑی فوڈ کمپنی کے پاس 2,000 سے زائد برانڈز ہیں۔گزشتہ ماہ کمپنی کو ایک انتظامی بحران کا سامنا رہا جب سابق سی ای او کو دفتر میں ایک ذاتی تعلق کے باعث برخاست کیا گیا جبکہ چیئرمین نے بھی قبل از وقت استعفیٰ دے دیا۔

مالیاتی ماہرین کو امید ہے کہ نیو راتیل کمپنی میں استحکام بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے جس کی ترقی 2022 کے بعد سست ہو چکی ہے۔

نیسلے کو 2024 میں فرانس میں بوتل بند پانی سے متعلق اسکینڈل کے باعث بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔رپورٹ کے مطابق 2025 کے ابتدائی نو مہینوں میں کمپنی کی آرگینک سیلز میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا جو زیادہ تر قیمتوں میں 2.8 فیصد اضافے کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں آج بروزجمعہ17اکتوبر 2025 ڈالرکی تازہ ترین قیمت

متعلقہ خبریں