کراچی (اے بی این نیوز) موٹر وے ایم فائیو پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بس سے 4 ہزارکلو مضر صحت مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد کرلیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گوشت سپلائی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق 90 من مضر صحت مردہ مرغیوں کا گوشت وہاڑی سے کراچی لے جایا جا رہا تھا، بیمار مرغیوں کا گوشت کراچی کے ہوٹلوں کو سپلائی ہونا تھا۔
برآمد شدہ مردہ مرغیوں کا گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔اس سے قبل بھی بہاولنگر میں فاسٹ فوڈ والوں کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا تھا اور 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے بہاولنگر میں ریلوے گول چکر کے قریب بڑا چھاپہ مارا اور عارف والا روڈ سے سیکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جا رہا تھا تاہم موقع پر موجود بھاری مقدار میں مردہ گوشت تلف کر دیا گیا۔
دوسری جانب ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے ٹولنٹن مارکیٹ میں آپریشن کیا اور میٹ سیفٹی ٹاسک فورس کے ہمراہ 1,800 کلو بیمار مرغیاں تلف کردیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل اور حماس میں جنگ کے خاتمے کا معاہدہ طے پاگیا