اسلام آباد(اے بی این نیوز)نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے پاکستانی شہریوں کے لیے شناختی خدمات کے حصول کا طریقہ مکمل طور پر بدل دیا ہے۔
اب شہریوں کو نادراکے مراکز پر جانے کی ضرورت نہیں وہ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی کارڈ دستاویزات کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، ادائیگی کرسکتے ہیں اور اپنی درخواست کی پیش رفت کو براہ راست ٹریک کرسکتے ہیں۔ گزشتہ سہ ماہی میں 12 لاکھ سے زائد درخواستیں پاک آئی ڈی کے ذریعے جمع کرائی گئیں۔
اس عرصے میں ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زیادہ کیسز اس ایپ کے ذریعے نمٹائے جا رہے ہیں جو نادرا کے کل کام کا تقریباً دس فیصد ہے۔
پاک آئی ڈی کے ذریعے صارفین اپائنٹمنٹ بُک کر سکتے ہیں، قریبی نادرا مرکز کا پتا لگا سکتے ہیں، متوقع انتظار کا وقت جان سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، اور شناختی کاغذات کی ڈیجیٹل نقول محفوظ کر سکتے ہیں۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ نظام سے منسلک ہے اور راسٹ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ، ای ایم آئی اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے مکمل نقدی سے پاک ادائیگی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ ایپ انگلش اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ہے اور اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے بنائی گئی ہے۔
ایک کروڑ سے زائد ڈاؤن لوڈز اور 4.8 اسٹار ریٹنگ کے ساتھ، پاک آئی ڈی پاکستان کی سب سے قابلِ اعتماد عوامی سروس ایپس میں شمار ہوتی ہے۔ نادرا آئندہ چند مہینوں میں گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق، مصنوعی ذہانت پر مبنی رہنمائی، ڈیجیٹل شناختی والٹ اور فوری اسمارٹ نوٹیفکیشنز متعارف کرانے جا رہا ہے۔ یہ اقدامات پاکستان کو مکمل ڈیجیٹل شناختی نظام کے قریب لے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزبدھ08اکتوبر اپنے کیرئر،محبت،شادی اور دن بارے جانئے ؟