اسلام آباد(اے بی این نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں عدالتی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد کل سے نئے عدالتی سال کا آغاز ہوگا جب کہ عدالت عظمیٰ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز کا روسٹر بھی جاری کردیا گیا۔
8 ستمبر صبح ساڑھے 9 بجے نئے عدالتی سال کے حوالے سے جوڈیشل کانفرنس کا انعقاد ہوگا، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کریں گے، ساڑھے دس بجے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ساڑھے گیارہ بجے سے ایک بجے تک آئینی بینچ سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ سماعت کرے گا۔
، آئینی بینچ کے سامنے سپر ٹیکس سے متعلق 1250 درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ہیں۔کل دن ایک بجے انتظامی سائیڈ پر فل کورٹ کا اجلاس ہوگا، چیف جسٹس یحیی آفریدی فل کورٹ اجلاس کی صدارت کریں گے، فل کورٹ میں سپریم کورٹ رولز 2025 سے متعلق سپریم کورٹ بار کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ اور ججز کا روسٹر جاری کردیا گیا۔
، آئندہ ہفتے پرنسپل سیٹ پر 9 بینچز تشکیل دیے گئے ہیں، بینچ ایک میں چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ مقدمات سنے گا، 9 ستمبر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس شفیع صدیقی بینچ ون میں شامل ہیں۔جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ بینچ دو میں مقدمات سنے گا، 10 ستمبر کو جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ، بینچ ٹو میں مقدمات سنے گا۔
جسٹس منیب اختر، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس شکیل احمد 10 ستمبر کو بینچ ٹو میں شامل ہیں۔بینچ تین میں جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا، بینچ نمبر چار میں جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں دو رکنی بینچ مقدمات سنے گا۔بینچ نمبر پانچ میں جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔
، بینچ نمبر چھ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ملک شہزاد پر مشتمل دو رکنی بینچ کیسز سنے گا، بینچ نمبر سات میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی ہر مشتمل دو رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کریگا۔بینچ نمبر آٹھ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا، بینچ نمبر نو جسٹس شکیل احمد اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ہو گا۔
مزید پڑھیں: اے ایس پی شہر بانو نقوی کو ایشیاء سوسائٹی 21 نیکٹ جنریشن فیلو شپ کیلئے منتخب کرلیا گیا