اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان بھی دنیا کے ان 25 سے زائد ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جنہوں نے امریکا کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے بعد عارضی طور پر امریکا کو ڈاک اور پارسل کی ترسیل معطل کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان پوسٹ نے بھی امریکا کےلئے بک کی گئی ڈاک بھیجنا بند کر دی ہے، کیونکہ خدشہ ہے کہ نئی امریکی پالیسی کے تحت یہ ڈاک واپس کر دی جائے گی۔
امریکی حکومت نے 25 جولائی کو ایگزیکٹو آرڈر نمبر 14324 کے تحت سابقہ ڈیوٹی فری سہولت معطل کر دی تھی، امریکا کے اس اقدام سے دنیا بھر میں امریکا کےلئے ڈاک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، کیوں کہ اب ہر قسم کی ڈاک پر نئے نظام کے تحت ٹیکس اور ڈیوٹی دینا لازمی ہوگا۔
دنیا کے بڑے ممالک چین، برطانیہ، جاپان، آسٹریا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت، جرمنی، فرانس، روس اور سنگاپور نے بھی عارضی طور پر امریکا کو ڈاک بھیجنا بند کر دی ہے، کیونکہ ایئرلائنز نے بھی ڈاک پہنچانے سے معذرت کر لی ہے۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزپیریکم ستمبر 2025 آپ کا کیرئر،صحت، دن کیسا رہے گا ؟