کراچی (اے بی این نیوز)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سربراہ ایس ایم تنویر نے شرح سود میں کمی کا مطالبہ کردیا۔ایس ایم تنویر نے 30 جولائی کو شیڈول مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس سے قبل شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ تک کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ موجودہ 11 فیصد شرح سود غیر منطقی ہے، معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے شرح سود کو 6 فیصد تک کم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ نے کہا کہ معاشی ترقی کے ساتھ قرض داروں کو بھی ریلیف ملے گا، اسٹیٹ بینک کو جرات مندانہ فیصلے کے تحت شرح سود سنگل ڈیجٹ پر لانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرح سود میں کمی سے صنعتوں کو تقویت ملے گی، حکومت کو3.5 کھرب روپے کی بچت ہوسکتی ہے جبکہ قرض لینے والوں کو ریلیف فراہم کرے گا۔ معاشی بحالی کے لیے جارحانہ اقدامات کی ضرورت ہے، شرح سود میں کمی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 30 جولائی کو ہوگا ، اجلاس میں شرح سود سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔