اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد میں چینی کی نئی قیمت مقرر کردی گئی، فی کلو ریٹیل پرائس 172 روپے ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 172 روپے مقرر کردی گئی، انتظامیہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں چینی کی ریٹیل قیمت 172 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، چینی ایکس مل ریٹ پر 165 روپے فی کلو بیچی جائیگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقررہ قیمت کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کردیئے گئے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ چینی کی ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، شہری چینی خریدتے وقت قیمت ریٹ لسٹ کے مطابق ہی ادا کریں، شہری چینی کی زائد قیمت وصول کرنیوالے دکانداروں کی نشاندہی بھی کریں۔
دوسری جانب پشاور میں محکمہ خوراک نے ایک مل ریٹ پر چینی کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کردی، ایکس مل ریٹ پر چینی کی فروخت سے متعلق محکمہ خوراک نے اعلامیہ جاری کردیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، ہر ماہ 2 روپے اضافے کے ساتھ 15 اکتوبر تک چینی کی نئی قیمتیں لاگو ہوں گی، اکتوبر تک چینی کی زیادہ سے زیادہ ایکس مل قیمت 171 روپے تک جائے گی۔
اعلامئے کے مطابق پرچون قیمت ایکس مل قیمت سے 8 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے، محکمہ خوراک نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو قیمتوں کے نفاذ کا حکم دیدیا ہے، ریٹیل قیمت کے تعین میں کرایہ، یوٹیلیٹی بلز اور لیبر کے اخراجات شامل ہوں گے، چینی کی قیمتوں میں ضلع وار فرق جغرافیائی حالات کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔تمام ڈی سیز اور متعلقہ حکام کو خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی اور روزانہ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنیوالوں کیلئے اچھی خبر