اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے طویل مشاورت کے بعد درآمدی سولر پینلز کے پرزہ جات پر تجویز کردہ 18 فیصد ٹیکس کو کم کر کے 10 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ برآمد شدہ سولرز کے پرزہ جات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ مقامی صنعت کو فروغ دینے اور مسابقتی ماحول قائم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں تفصیلی غور و غوض اور اراکان پارلیمنٹ کی تجاویز پر حکومت نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکس کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ٹیکس کا اطلاق صرف 46 فیصد درآمدی پرزہ جات پر ہوگا جب کہ امپورٹڈ سولر پینلز کی پلیٹوں پر صرف 4.6 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ درآمدی سولر پینلز کی مجوزہ 10 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے قبل ہی بعض عناصر کی جانب سے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، ان عناصر کو وارننگ دیتا ہوں کہ ان کے خلاف جلد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال میں وفاقی حکومت نے کوئی منی بجٹ متعارف نہیں کروایا، ہم نے مالی نظم و ضبط کو کنٹرول کیا، افراط زر پر قابو پایا، کرنٹ اکاؤنٹ میں نمایاں بہتری اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا۔
مزید پڑھیں: ہم اپنا دفاع کرینگے اور وہ سب کچھ کرینگے جو ہمارا حق ہے،ایران