اسلام آباد(اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے غریب عوام پر بھاری بوجھ ڈال دیا ، سستی سفری سہولیات بھی مہنگی کردیں، میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد اور راولپنڈی چلنے والی بسوں کا کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے مقرر کر دیا ۔جس کے بعد غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔
سی ڈی اے کی جانب سے الیکٹرک بسوں کے کرایوں کیخلاف شہری پھٹ پڑے ، بری امام کی رہائشی نسرین بی بی کا کہنا تھا کہ وہ پانچ بچوں پر مشتمل خاندان کا پیٹ پالتی ہیں اس فیصلے سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ “پہلے 100 روپے میں آنے جانے کا خرچ نکل آتا تھا، لیکن اب ایک طرف کا کرایہ ہی 100 روپے ہے، تو روز 200 روپے کہاں سے لاؤں؟
ایک اور مسافر ابو بکر، کا کہنا تھا کہ “کرایے میں 100 فیصد اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نوٹس لیکر پرانا کرایہ فوری بحال کریں۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ پچاس روپے فی سواری کرایہ رکھنے کی صورت میں سالانہ 5.12 ارب روپے کا خرچہ آتا ہے جبکہ آمدنی صرف 1.46 ارب روپے ہوتی ہے، جس کی وجہ سے 3.66 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑتی ہے۔
نئے کرایے کے تحت آمدنی بڑھ کر 2.33 ارب روپے متوقع ہے تاہم سی ڈی اے کو اب بھی سالانہ 2.79 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی تاکہ سروس جاری رکھی جا سکے۔
فی الحال، اورنج لائن، بلیو لائن، گرین لائن اور تقریباً 16 روٹس پر چلنے والی الیکٹرک بسوں کا کرایہ 100 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ ریڈ لائن میٹرو بس سروس جو راولپنڈی سے اسلام آباد چلتی ہے، اس کے کرایے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی کیونکہ یہ پنجاب حکومت اور وفاق کی جانب سے سبسڈی کے تحت چل رہی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق، اورنج لائن پر 30، بلیو لائن پر 10 اور گرین لائن پر 10 بسیں چل رہی ہیں جبکہ 160 میں سے صرف 120 الیکٹرک بسیں فعال ہیں کیونکہ چارجنگ سہولیات ناکافی ہیں۔ زیرو پوائنٹ پر ڈپو کی تعمیر جاری ہے تاکہ مکمل چارجنگ سہولت مہیا کی جا سکے۔
بھارہ کہو کے رہائشی محمد وسیم نے کہا کہ “سی ڈی اے اربوں روپے کی انٹرچینج اور انڈرپاس اسکیموں پر کام کر رہی ہے، جیسے کہ سیرینا اور ایف-8 انٹرچینج مکمل ہو چکے ہیں اور کشمیر چوک انڈرپاس، شاہین چوک انٹرچینج اور فیض آباد ماڈلنگ جیسے منصوبے زیر غور ہیں ،اگر فنڈز کی کمی ہے تو ان پر کام مؤخر کر کے عوامی بس سروس پر سبسڈی دینا ترجیح ہونی چاہیے”۔
ترکیہ کے ساحلی علاقے مارماریس میںشدید زلزلہ ، 8.5 شدت ریکارڈ