اہم خبریں

چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا ،کتنا اور موجودہ قیمت کیا ؟ جانئےتفصیل

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں ایک اور اضافے کا سامنا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 38 پیسے فی کلو بڑھ کر 175 روپے 19 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ بعض علاقوں میں چینی کی قیمت 185 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے عوام پر اضافی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

پشاور میں چینی کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں شہری 185 روپے فی کلو تک چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق، پشاور میں حالیہ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، اور وہاں کی قیمتیں ملک بھر سے زیادہ ہو گئی ہیں۔

چینی کی اوسط قیمت گزشتہ ہفتے 171 روپے 81 پیسے فی کلو تھی، اور ایک سال قبل اس کی اوسط قیمت 143 روپے 75 پیسے فی کلو تھی۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالروف ابراہیم نے خبردار کیا تھا کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کی ایکس مل قیمت 168 روپے ہے، جبکہ حکومت نے ریٹیل قیمت 164 روپے مقرر کی تھی، لیکن اس پر عمل درآمد دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں