اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (HACL) نے پاکستان میں ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (HEV) ماڈلز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا ہے، تاہم کمپنی نے لانچ کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو جاری کردہ نوٹس میں بتایا کہ وہ مستقبل قریب میں HEV ماڈلز متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ یہ اقدام ماحولیاتی استحکام، جدت طرازی اور صارفین کو جدید ٹرانسپورٹیشن حل فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ہونڈا اٹلس کا کہنا ہے کہ HEV ماڈلز کا تعارف ان کے پروڈکٹ پورٹ فولیو میں ایک اہم اضافہ ہوگا، جو پاکستان میں ماحول دوست گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔
کمپنی نے واضح کیا کہ گاڑیوں کی باضابطہ لانچ اور دیگر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
اعلان کے بعد ہونڈا اٹلس کے شیئرز کی قیمت 24.24 روپے (8.31 فیصد) اضافے کے ساتھ 316.02 روپے ہو گئی۔