کراچی (اے بی این نیوز)عالمی نرخوں میں کمی کی وجہ سے 30 اپریل کو ختم ہونے والے اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ریلیف ٹیکس کی شرحوں میں تبدیلی سے مشروط ہے، حکومتی عہدیدار کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ دینے پر بھی غور کیا گیا، جس سے طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے، دریں اثنا، ریفائنریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی عائد کرے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو یکم جولائی سے نافذ العمل ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی لچک اور پائیداری سہولت کے حصے کے طور پر تقریباً 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کرنے کا حلف نامہ بھی دیا ہے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 10 روپے کمی کا تخمینہ لگایا گیا، جو 15 اپریل کو حتمی حساب کتاب پر منحصر ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 9 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا تخمینہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی بین الاقوامی قیمت میں تقریباً 6 ڈالر فی بیرل اور ایچ ایس ڈی میں تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کی کمی سے سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں: خلیجی ملکوں سے بیدخل پاکستانی بھکاریوں کیخلاف مقدمے چلانے کا فیصلہ