اہم خبریں

کمی ہو گی یا اضافہ ؟وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھتے ہوئے اس سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی اور مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے طور پر عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے پیکیج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب سے حکومت سنبھالی ہے، عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی بلکہ اس کا مجموعی طور پر مہنگائی پر بھی مثبت اثر پڑے گا اور مہنگائی میں مزید کمی ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف جلد ہی اس ریلیف کے بارے میں قوم کو خطاب کر کے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں