کراچی ( اے بی این نیوز)آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (اے پی پی ڈی اے) نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حکومتی منصوبے کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی ۔
اے بی این نیوز کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے مجوزہ آزادی نے پاکستان کی تیل کی مارکیٹ پر غیر ملکی بالادستی کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اے پی پی ڈی اے نے متنبہ کیا کہ ڈی ریگولیشن سے ملک کی تیل مارکیٹ کا کنٹرول غیر ملکی اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا جس سے توانائی کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں آزاد منڈی کے لیے درکار تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور موجودہ حالات میں اس طرح کا فیصلہ خودکشی کے مترادف ہوگا لہٰذا حکومت کو اس تجویز کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے۔پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو اس تباہ کن اقدام سے باز رکھنے کے لیے ملک گیر ہڑتال کا انتباہ دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان حسن شاہ کا کہنا ہے کہ ڈی ریگولیشن کا افسوسناک فیصلہ اوپر سے نیچے تک پوری سپلائی چین کو متاثر کرے گا اور بالآخر ایک مضبوط غیر ملکی کھلاڑی کو پاکستانی تیل کی مارکیٹ پر اجارہ داری مل جائے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی آئل ریفائنریوں کے پاس بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا کیونکہ ان کے پاس مضبوط غیر ملکی کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنے کی مالی صلاحیت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی