اہم خبریں

پاکستانی بغیر ویزہ قطر کیسے جاسکتے ہیں ،شرائط کیا ہیں؟

دوہا( نیوز ڈیسک ) پاکستانیوں کی بڑی تعداد قطر جانے کے لیے ویزا اپلائی کرتی ہے، اس کے لیے انہیں سوشل میڈیا سے کچھ معلومات ملتی ہے تاہم کبھی کبھار معلومات ٹھیک سے نہ ہونے یا شہریوں کو ویزا ہدایات سمجھ نہ آنے کی صورت میں معاملہ پیچیدہ ہوجاتا ہے۔

اسی طرح سوشل میڈیا پر ان دنوں قطر جانے سے متعلق ایک خبر زیر گردش ہے وہ یہ کہ ’پاکستانی بغیر ویزہ کے قطر جا سکتے ہیں‘۔ تاہم ان چیزوں کی وضاحت نہیں دی گئیں کہ بغیر ویزہ کے قطر کتنے وقت کے لیے اور کس لیے جا سکتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بغیر ویزا قطر جانے کے لیے چند اہم باتیں جاننا صارفین کیلئے ضروری ہیں جن پر ہدایت کرکے بغیر کسی پریشانی کے قطر جایا جا سکتا ہے۔

قطر کی جانب سے ویزا فری انٹری کی سہولت صرف وہاں سیر و سیاحت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو فراہم کی گئی ہے, نوکری کی تلاش کے لیے قطر جانے والوں کے لیے یہ سہولت نہیں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ قطر پہنچ کر آپ کو وہاں ایک ویزا فراہم کیا جاتا ہے, اس سہولت کے تحت پاکستانی وہاں زیادہ سے زیادہ 30 دن کی مدت کے لیے رک سکتا ہے۔ اس کیلئے کنفرم ریٹرن ٹکٹ اور کنفرم ہوٹل بکنگ ہونا لازمی شرط ہے۔ جتنے دن قطر میں گزارنے ہیں اتنے دن کی ہوٹل ریزرویشن پہلے سے کنفرم ہونی چاہیے، اس کے علاوہ پولیو ویکسین کارڈ بھی درکار ہوتا ہے۔

مزید برآں قطر کے سفر کیلئے جانے والے فرد کیلئے اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات واضح کرنا لازمی شرط ہے، وہاں سفر کرنے کے خواہشمند افراد کے اکاؤنٹ میں تقریباً 5 ہزار قطری ریال ہونے چاہئیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستانیوں کو یہ سہولت 2022 میں قطری حکومت نے دی تھی، جس کا استعمال سب سے زیادہ کاورباری کمیونٹی کے افراد یا پھر سیرو سیاحت کے لیے جانے والے استعمال کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں بغیر ویزا کے قطر جانے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس تمام دستاویزات مکمل ہوں۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں تمام اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

متعلقہ خبریں