لاہور ( اے بی این نیوز )پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، اور فی تولہ سونے کی قیمت 400 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 92 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ہی، 10 گرام سونے کی قیمت 343 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار 514 روپے ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مزید 5 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت 2797 ڈالر کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی سطح پر تجارتی جنگ کے خدشات اور افراط زر کے بڑھتے ہوئے خطرات ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر کی جانب سے چین، یورپی یونین اور میکسیکو کی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی بڑھانے کے فیصلے نے عالمی سطح پر تجارتی کشیدگی پیدا کی ہے، جس کے اثرات سونے کی خریداری پر پڑے ہیں۔
گلوبل انویسٹرز کی طرف سے سونا خریدنے کا رجحان اس لیے بڑھا ہے کیونکہ سونا وہ واحد محفوظ سرمایہ کاری ذریعہ سمجھا جا رہا ہے جو ڈی ویلیوایشن اور مہنگائی کے اثرات سے بچا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، عالمی سطح پر شرح سود میں کمی بھی سونے کی خریداری میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق، 2025 میں فی اونس سونے کی قیمت 3000 ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث سونے کی عالمی اور مقامی قیمتیں مسلسل بلند ہو رہی ہیں۔