اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتی شعبے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے صنعتی شعبے (کیپٹو پاور) اور غیر محفوظ گھریلو صارفین کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں گیس کے شعبے کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت میں اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخ 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیے ہیں۔ تاہم، گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تاکہ انہیں اضافی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس کے علاوہ، اجلاس میں توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے گرڈ ٹرانزیشن لیوی نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔