کراچی ( نیوز ڈیسک ) صنعتکاروں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پانچ سالہ معاشی پلان اڑان پاکستان کے اعلان کے فوری بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم کے معاشی وژن کیخلاف ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہونگے، وزیراعظم فوری نوٹس لیں اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرائیں۔
فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد تحسین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکسوں میں کٹوتی کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کرے، اس سے خاص طور پر درمیانے اور چھوٹے درجے کے تاجر متاثر ہورہے ہیں، جو پہلے ہی کافی مشکلات کا شکار ہیں۔
حیدرآباد چیمبر آف اسمال انڈسٹری کے سابق صدر محمد فاروق شیخانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک استحصالی اقدام ہے، جس سے کاروباری افراد اور صارفین یکساں متاثر ہوں گے، انہوں نے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے