اہم خبریں

پنجاب حکومت کا پلاسٹک انڈسٹری کی رجسٹریشن آن لائن کرنیکا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں پلاسٹک مینوفیکچررز، سپلائیرز اور ری سائیکلرز کی آن لائن رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ صوبے میں پلاسٹک تیار کرنے والوں، سپلائی کرنے والوں اور ری سائیکلرز کو آن لائن رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے پلاسٹک انڈسٹری کا ڈیٹا ایک جگہ جمع کیا جائے گا۔

وزیر برائے تحفظ ماحولیات نے کہا کہ اس کا مقصد پلاسٹک کی سپلائی سائیڈ کو رسمی معیشت کا مکمل حصہ بنانا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے گا اور معیشت میں شفافیت میں بھی اضافہ ہو گا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 75 مائیکرون سے کم حجم والے پولی تھین بیگز کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ خلاف ورزی پر پلاسٹک بیگز بنانے والی 9 فیکٹریوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ اینٹی پلاسٹک سکواڈز فوڈ پوائنٹس، بازاروں اور دکانوں کا معائنہ کر رہے ہیں، پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں، دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل ماحول دوست مواد استعمال کریں۔

سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پلاسٹک کے تھیلوں پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور محکمہ تحفظ ماحول 10 دسمبر سے پلاسٹک مخالف مہم اور کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرے گا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں تین دن کے لیے بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی

متعلقہ خبریں