اسلام آباد(رضوان عباسی)شہباز حکومت کے ابتدائی سات ماہ میں بھارت سے درآمدات میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
باوجودیکہ 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل کر دی گئی تھی، ستمبر 2024 میں بھارت سے درآمدات میں 45 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، ستمبر میں بھارت سے درآمدات کا حجم دو کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا، جب کہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ مقدار ایک کروڑ 93 لاکھ ڈالرز تھی۔
تجارت معطل ہونے کے باوجود بھارت سے درآمدات میں مسلسل دوسرے مہینے اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اگست 2024 میں بھی سالانہ بنیادوں پر بھارت سے درآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ علاوہ ازیں، جنوری، مارچ 2024 اور فروری، مئی 2023 میں بھی بھارتی درآمدات میں قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 2019 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے بعد پاکستان نے تجارت کو معطل کر دیا تھا۔ بعدازاں حکومت نے زندگی بچانے والی ادویات کی درآمدات میں نرمی کی، لیکن تجارتی رکاوٹ کے باوجود حالیہ اضافے نے تجارتی پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کی ضمانت منظور