واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو تین سالوں میں 3 ارب ڈالر کی کموڈٹی فنانسنگ فراہم کرے گا، جس میں 269 ملین ڈالر کی براہ راست فوری فنڈنگ ہوگی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کو تین سال تک کموڈٹی فنانسنگ فراہم کرنے پر IFTC کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے اقتصادی اور کاروباری امور ایمی ہولمین سے بھی ملاقات کی۔واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستان امریکہ اقتصادی شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا اور امریکہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے زراعت، آئی ٹی، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی اور امریکی کمپنیوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک سے خطاب میں اورنگزیب نے کہا کہ وہ حکومتی اخراجات کو کم کرنے اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے پالیسیاں بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ مضبوط ہو رہا ہے اور ترسیلات زر میں بہتری آ رہی ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے ایک وفد کے ہمراہ امریکا میں ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان رہائی،امریکی ایوان نمائندگان کے 60 سے زائد اراکین کاجوبائیڈن کو خط