لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پنجاب کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) ٹریفک نے طلباء کو لائسنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام چیف ٹریفک آفیسرز (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفسز (ڈی ٹی اوز) کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جس میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء سمیت انتظامیہ کو لائسنس ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ طلباء کی بڑی تعداد بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلا رہی ہے جس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں۔ طلباء اور اساتذہ کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لیے پنجاب بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان سے فوری ملاقات کریں گے۔ فوکل پرسنز کا تقرر صوبے بھر کی یونیورسٹیوں سے کیا جائے گا۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کی انتظامیہ طلباء کو امتحانی مراکز تک لے جائے گی جہاں طلباء کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پنجاب نے تعلیمی اداروں کو مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ میں بند دروازوں کے پیچھے اب کچھ نہیں ہوگا، چیف جسٹس