اہم خبریں

پاکستانی غذائی اجناس کی برآمدات میں 46 فیصد سے زائد کا اضافہ

کراچی(نیوز ڈیسک )ایک سال کے دوران پاکستانی غذائی اجناس کی برآمدات میں 46.77 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2023-24 میں غذائی اجناس کی برآمدات 7.37 بلین ڈالر تھیں۔

سال 2022-23 میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 5 بلین ڈالر سے زیادہ تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جون میں غذائی اجناس کی برآمدات میں 41.51 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 543.9 ملین ڈالر رہا۔ گزشتہ سال اسی مہینے میں غذائی اجناس کی برآمدات 359.2 ملین ڈالر تھیں۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چاول ایک سال میں غذائی اجناس کی برآمدات میں سرفہرست رہا۔ ایک سال کے دوران چاول کی برآمدات میں 82.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 6.018 ملین میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا۔

سال 2023-24 میں چاول کی برآمدات کا حجم 3.93 بلین ڈالر تھا۔ادارہ شماریات کے مطابق جون میں چاول کی برآمدات میں 106.19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 425,000 میٹرک ٹن چاول بیرون ملک برآمد کیا گیا۔ جون میں چاول کی برآمدات کا حجم 303.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ سال جون میں چاول کی برآمدات کا حجم 14.73 ملین ڈالر تھا۔ایک سال کے دوران 0.935 ملین ٹن پھل برآمد کیے گئے۔ مالی سال 2023-24 میں پھلوں کی برآمدات میں 21.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2023-24 میں 1.261 ملین میٹرک ٹن سبزیاں بھی برآمد کی گئیں جو کہ 43.20 فیصد اضافہ ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران 33 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چینی برآمد کی گئی۔ پاکستان نے ایک سال میں 248,000 ٹن خشک میوہ جات برآمد کیے جو کہ مالی سال 2023-24 میں 117.18 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سٹاک ایکس چینج تنزلی کاشکار، انڈیکس 80,000 پوائنٹس سے نیچے آگیا

متعلقہ خبریں