اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو متعلقہ حکام کو پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کوآپریشن (پاسکو) کی نجکاری کے لیے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور پاسکو سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گندم بورڈ کی تنظیم نو کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ دوبارہ تشکیل شدہ گندم بورڈ میں کسانوں، لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم اور پاسکو کے نمائندے شامل ہونے چاہئیں۔
وزیراعظم نے گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کے لیے متبادل حکمت عملی مرتب کریں اور صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں سے بھی مشاورت کریں۔
اجلاس کے شرکاء کو گندم بورڈ کی ٹی او آرز اور ری اسٹرکچرنگ، فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاسکو میں اصلاحات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ارکان احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: مخصوص نشستوں کا کیس، الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار