راولپنڈی(نیوزڈیسک)پاکستان میں مہنگائی میں کمی نہ آسکی ، شہریوں کو مہنگائی کے طوفان کے باعث مشکلات کا سامنا،مارکیٹ میں پیاز، ٹماٹر، جلانے والی لکڑی، دالیں، بڑا گوشت، برائیلر مرغی، ایل پی جی سلنڈر اور چاول کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ فروٹ کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ادارہ شماریات کی جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 16.44فیصد جبکہ گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں یہ شرح01.36فیصد بڑھ گئی۔ملک کے 17بڑے شہروں سے 51اشیا کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیاگیا جس میں سے 21اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 8اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔رواں ہفتے ملک میں پیاز، ٹماٹر، انڈے، کیلا، دال چنا، دال ماش، دال مسور، بڑا گوشت، برائیلر مرغی، گڑ، آٹا، چاول اری9 /6، باسمتی چاول، جلانے والی لکڑی، ایل پی جی سلنڈر، کپ چائے، جارجٹ، چائے کی پتی، الیکٹرک چارجز، انرجی سیور اور ماچس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔آلو، کوکنگ آئل، ویجیٹیبل گھی کھلا، ویجیٹیبل گھی ٹن، دال مونگ، لہسن، چینی اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ۔ڈبل روٹی، چھوٹا گوشت، پلیٹ بیف، پلیٹ دال، سگریٹ، سرخ مرچ پسی، تازہ دودھ، دہی، خشک دودھ، لان پرنٹڈ، کلاتھ، شرٹنگ، نمک، گیس چارجز، مردانہ و زنانہ سینڈلز، چپلز، صابن، پٹرول سپر، ہائی سپیڈ ڈیزل، اور لوکل کال کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
