کراچی(نیوزڈیسک)محکمہ جنگلی حیات سندھ نے انڈوں سے نکلنے والے سبزکچھووں کے مزید ایک ہزاربچے سمندرمیں چھوڑدئیے۔سندھ وائلڈ لائف مرین ٹرٹلز کنزرویشن یونٹ کے انچارج اشفاق میمن نے بتایاکہ ہاکس بے پرسینڈزپٹ کے مقام پرچھوڑے جانےوالے گرین ٹرٹلز کے بچوں کی عمریں ایک تا دوروز تھیں،ان کا کہنا تھا کہ سبزکچھووں کی مادائیں ہرسال اگست سے مارچ کے دوران افزائش نسل کے لیے شہر کے ساحلی مقامات کا رخ کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سال گرین ٹرٹلز کے کچھووں کے انڈوں کوچیمبرمیں رکھنے کا ہدف 30ہزارانڈےمقررکیاگیاتھا،تاہم اب تک صرف ساڑھے تیرہ ہزاربچے چھوڑے گئےہیں،اس وقت بھی بارہ ہزارکے لگ بھگ بچے انڈوں میں افزائش کے عمل سے گذررہے ہیں۔ مادہ کچھووں کی آمدکا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے اورابھی مارچ کا پورا مہینہ باقی ہے،جس کے دوران دنیابھر کے دورادراز ساحلی مقامات سے مادہ کچھواانڈے دینے کے لیے کراچی کے ساحلی مقامات کا رخ کریں گی۔
