سڈنی ( اے بی این نیوز)دنیا کا سب سے تیزی سے حرکت کرنے والا براعظم، آسٹریلیا، غیر متوقع رفتار سے شمال کی طرف ایشیا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ماہرینِ ارضیات کے مطابق، آسٹریلیا ہر سال تقریباً 2.8 انچ (7 سینٹی میٹر) شمال کی طرف سرک رہا ہے، جو انسانی ناخن کی بڑھنے کی رفتار کے برابر ہے۔
اگرچہ یہ رفتار معمولی معلوم ہوتی ہے، لیکن لاکھوں سال میں یہ تبدیلی زمین کے جغرافیہ، آب و ہوا اور حیاتیاتی تنوع پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔ارضیاتی ماہر پروفیسر ژینگ شیانگ لی نے 2009 میں خبردار کیا تھا کہ ’چاہے ہمیں پسند ہو یا نہ ہو، آسٹریلیا کا براعظم ایشیا سے ٹکرانے والا ہے۔‘ یہ عمل زمین کی پلیٹ ٹیکٹونکس کا حصہ ہے، جس میں براعظم آپس میں جُڑتے اور الگ ہوتے رہتے ہیں۔
تقریباً 80 ملین سال قبل، آسٹریلیا انٹارکٹیکا سے الگ ہوا تھا۔گزشتہ 50 ملین سالوں سے یہ مسلسل شمال کی طرف سرک رہا ہے۔سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ انڈو-آسٹریلین پلیٹ آخرکار ایشیا سے ٹکرا جائے گی، جو زلزلے، آتش فشاں سرگرمیوں اور دیگر جغرافیائی تبدیلیوں کا سبب بن سکتی ہے۔
بھارت اور پاکستان کے لیے ممکنہ خطرات
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا آسٹریلیا کا یہ جغرافیائی سفر بھارت اور پاکستان کے لیے کسی خطرے کا باعث بن سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق، یہ تصادم لاکھوں سالوں میں ہوگا، اور فوری طور پر جنوبی ایشیا کو کوئی سنگین خطرہ لاحق نہیں ہے۔
تاہم، انڈو-آسٹریلین پلیٹ میں یہ تبدیلی زلزلوں اور دیگر ارضیاتی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے، جو خطے میں ہلکی یا شدید نوعیت کی زلزلہ خیزی کا باعث بن سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکہ کا سونے کاذخیرہ خالی؟خدشات کے پیش نظر جانچ پڑتال کا فیصلہ