آگرہ(نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے شادی کے 40 دن بعد ہی اپنے شوہر سے روزانہ نہ نہانے پر طلاق مانگ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر مہینے میں صرف ایک یا دو بار نہاتے تھے جس کی وجہ سے اس کے جسم سے شدید بدبو آتی تھی۔خاتون نے آگرہ میں فیملی کونسلنگ سنٹر سے رابطہ کیا، اور اس شخص کے ساتھ رہنے سے معذوری ظاہر کی جو ذاتی حفظان صحت کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔
سماعت کے دوران، اس شخص نے اعتراف کیا کہ وہ عام طور پر مہینے میں صرف ایک یا دو بار نہاتے تھے لیکن ہفتے میں ایک بار خود پر گنگا کا پانی چھڑکتے تھے۔اس نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کے بعد سے گزشتہ 40 دنوں میں وہ اپنی بیوی کے اصرار پر چھ بار نہا چکا ہے۔
ایک وکیل نے بتایا کہ جوڑے کے درمیان گرما گرم بحث کرنے کے بعد خاتون شادی کے چند ہفتوں بعد اپنے والدین کے گھر واپس آگئی۔اس کے بعد اس کے اہل خانہ نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور طلاق کی درخواست دائر کی۔
اس شخص نے بعد میں حفظان صحت کے طریقوں کو اپنانے اور روزانہ نہانے پر اتفاق کیا۔ تاہم بیوی نے اس کے ساتھ رہنے سے انکار کر دیا۔اب دونوں فریقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے 22 ستمبر کو کونسلنگ سنٹر واپس جائیں۔
مزید پڑھیں: مجوزہ آئینی ترمیم: سینیٹ کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی