غزہ (نیوزڈیسک) غزہ پراسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ،مزید 400 سے زائد فلسطینی شہید 734 زخمی ہوگئے۔فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہگزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں تقریباً 400 فلسطینی شہید اور734 زخمی ہو گئے جبکہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور اوآئی سی جنگ رکوانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج رفح، خان یونس اور نصیرت میں مسلسل بمباری کررہی ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے جنوبی علاقے پر 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم گرائے اور اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ کے جس علاقے سے بے دخل کیا وہاں بھی جان بوجھ کربم گرائے ہیں۔اس کے علاوہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی جاری ہے اور جنگ میں اب تک 472 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جن میں سے 139 اسرائیلی فوجی زمینی کارروائی میں مارے گئے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ 53 ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
