راولپنڈی(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا،ہم دوست ممالک کیساتھ متوازن تعلقات چاہتے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی واشنگٹن آمد پر پاکستانی سفارت خانے میں امریکی تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ڈھائی گھنٹے تک ملاقات کی جس میں انہوں نے دہشتگردی ا ور خطے میں امن کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر بیان کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےمسئلہ کشمیر اور غزہ کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوئی یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف اس تنازع کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا ، تمام ممالک کیساتھ متوازن تعلقات چاہتے ہیں۔ آرمی چیف نے پاک امریکا تعلقات، خطے اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی گفتگو کی ۔اس سے قبل آرمی چیف عاصم منیر اور کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک کے درمیان ملاقات ہوئی تھی،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،خطے کی سکیورٹی کی صورتِ حال سے متعلق باہمی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔