نیویارک (نیوزڈیسک)سکیورٹی کونسل میں فلسطین کے حق میں قرارداد ویٹو کرنے کے بعد امریکہ نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیلئے اسرائیل کو ہنگامی بنیادوں پر گولہ بارود ترسیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے جائزے کے بغیر ہی اسرائیل کو مزید 14 ہزار ٹینک کے گولے فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ تقریبا 10 کروڑ 65 لاکھ ڈالر مالیت کے 14 ہزار ٹینک کے گولوں کی فروخت سے متعلق امریکی کانگریس کو آگاہ کر دیا گیا ۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ آرمز ایکسپورٹ کنٹرول میں ہنگامی صورتحال میں حاصل میں رعایت کے تحت اسرائیل کو ہتھیاروں کی فوری ضرورت ہے، اس لیے فروخت کو معمول کے کانگریس کے جائزے سے بھی استثنیٰ دیدیا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی اسرائیل کو ٹینک کے گولوں کی فروخت 500 ملین ڈالر کی ایک بڑی ڈیل کا حصہ ہے جس کیلئے بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس سے منظوری طلب کی تھی۔بڑی ڈیل کے تحت غزہ میں فلسطینیوں کیلئے نسل کشی کیلئے تعینات اسرائیلی میرکاوا ٹینکوں کیلئے امریکا اسرائیل کو 45 ہزار گولے فراہم کرے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیلی حکومت پر بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام اور ہر ممکن حد تک سویلینز کو نقصان پہنچانے سے گریز کرنے پر زور دیتا ہے تاہم اسرائیل کو گولوں کی فروخت دراصل اسرائیلی کی اپنے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ہے۔















