لاہور(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی روزانہ جھوٹ بولتے ہیں، پہلے کہا کہ مریکا نے سازش کرکے حکومت گرائی پھر کہتا جنرل باجوہ نے سازش کی اب کہہ رہا ہے میرے خلاف لندن پلان کے بعد 9 مئی ہوا تھا، اگر 9 مئی کی سازش ہے تو عمران خان نے ہی خود اس سازش کو تیار کیا تھا۔ الیکشن کی تاریخ کسی گورنر، چیف کمشنر یا کسی اور نے نہیں دی، الیکشن کی تاریخ سپریم کورٹ آف پاکستان نے دی ہے، 8 فروری کو پاکستان میں عام انتخابات ہوں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمسلم لیگ ن پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ میثاق معیشت ضروری ہے، کوئی ایک جماعت ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی لیکن میثاق پارلیمان میں منتخب جماعتوں سے ہوگا، جے یو آئی سے انتخابی اتحاد زیرغور نہیں، انہوں نے کہاکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے تیار ہیں، فضل الرحمان کے ساتھ الیکشن اتحاد کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، نوازشریف چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے، پورے پاکستان جائیں گے۔
